آئن سٹائن شیعہ مسلک سے تعلق رکھتے تھے ، ایرانی عالم دین

آئن سٹائن شیعہ مسلک سے تعلق رکھتے تھے ، ایرانی عالم دین

ماہرین کے مطابق آیت اللہ مہدوی کے دعوے کی کسی ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی

دوحہ (نیٹ نیوز) ایرانی ماہرین کونسل کے چیئرمین آیت اللہ مہدوی کنی نے دعوی ٰ کیا ہے کہ فزکس کے مشہور سائنسدان اور نظریہ اضافیت کے بانی البرٹ آئن سٹائن شیعہ مسلک سے تعلق رکھتے تھے ۔انکے اس دعوے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے ۔خیال رہے کہ آئن سٹائن امریکہ کے جرمن نژاد یہودی باشندوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق آئن سٹائن آخر دم تک اپنے مذہب پر قائم رہے ہیں اور آیت اللہ مہدوی کے دعوے کی کسی دوسرے ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے ۔یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیت اللہ مہدوی کنی کا یہ دعویٰ کب کا ہے کیونکہ پہلے یہ وڈیو کلپ صرف فارسی ویب سائٹ پر گردش کرتا رہا ہے ، وہاں سے اسے یو ٹیوب پر اپ لوڈ کیاگیا۔ ایران کے فارسی سوشل میڈیا کے مطابق شیعہ مسلک قبول کرنے کے بعدسنہ 60 کی دہائی میں آئن سٹائن اور ایرانی عالم دین آیت اللہ علی بروجردی کے درمیان خط وکتابت بھی ہوئی تھی تاہم اس کا بھی کہیں کوئی ریکارڈ دستیاب نہیں ہے ۔ آیت اللہ علی بروجردی کے پوتے آیت اللہ علوی کا کہنا ہے کہ ان کے دادا اور آئن سٹائن کے درمیان تحریری مراسلت نہیں ہوئی بلکہ علامہ بروجردی ایرانی سائنسدان ڈاکٹر حسابی کے ذریعے ا ٓئن سٹائن تک اپنے زبانی پیغامات پہنچایا کرتے تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں