مچھروں کی روک تھام کیلئے پہلی پاکستانی ایپ متعارف
عالمی ادارہ صحت نے دعویٰ کیاہے کہ مچھر دنیا کا سب سے خطرناک جاندار ہے
لاہور(نیٹ نیوز)،اسی کی بدولت ملیریا، ڈینگی اور اب مختلف ممالک میں زیکا وائرس جیسے امراض پھیل رہے ہیں جن کے نتیجے میں ہر سال 10 لاکھ سے زائد اموات ہوتی ہیں۔اسی وجہ سے قومی ادارہ صحت نے پاکستان میں مچھروں سے پھیلنے والے امراض کی روک تھام کیلئے ایک اینڈرائیڈ ایپ متعارف کرادی ہے ۔موسکیٹو الرٹ ان پاکستان نامی یہ ایپ لوگوں کو مختلف علاقوں میں مچھروں کی مختلف اقسام کی معلومات اکھٹی کرنے میں مدد فراہم کرے گی جس سے ان پر قابو پانا آسان ہوجائے گا۔ اس الرٹ ایپ سے کوئی بھی مچھروں یا ان کی افزائش کے مقامات کی تصاویر ارسال کرسکے گا جو کہ ایک ڈیٹابیس میں اکھٹی ہوجائیں گی، جنہیں مچھروں کو کنٹرول اور مانیٹرنگ کیلئے استعمال کیا جائے گا۔