11 دن مسلسل پرواز،پرندے نے ماہرین کو حیران کردیا
سائنسدانوں نے پہلی بار کسی پرندے کی طویل ترین پرواز ریکارڈ کی ہے
الاسکا(نیٹ نیوز) 12 ہزار کلو میٹر کی مسافت طے کرنے والی اس پرواز کا دورانیہ 11 دن کا تھا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ماہرین نے کسی جگہ رکے یا اترے بغیر کسی پرندے کی طویل ترین اڑان کی تصدیق کی ہے ۔ اس پرندے کو بارٹیلڈ گاڈ وٹ کا نام دیا گیا ہے ۔ یہ پرندہ الاسکا سے پرواز کر کے 12 ہزار کلو میٹر دور نیوزی لینڈ پہنچا ہے ۔ اس دوران یہ پرندہ نہ کہیں رکا اور نہ اترا، اس نے اپنا سفر 11 دن میں مکمل کیا۔دار چینی کے رنگ کے بڑے اور شور مچانے والے اس پرندے کی نقل مکانی کی صلاحیت بہت غیرمعمولی ہے ۔ماہرین کے مطابق ہر سال ایسے لاتعداد پرندے الاسکا سے نیوزی لینڈ تک جاتے ہیں لیکن اس ایک خاص پرندے نے تمام ریکارڈ توڑ کر سائنسدانوں کو بھی حیران کردیا ہے ۔