ایرانی شخص 6دہائیوں سے پانی کے قریب بھی نہ پھٹکا
ایران کے ایک گاؤں کا رہائشی 87 سالہ شخص 6 دہائیوں سے پانی کے قریب بھی نہیں پھٹکا یعنی اس نے 60 سال سے غسل نہیں کیا
تہران(نیٹ نیوز)یہ شخص پانی سے خوفزدہ ہے اور اسے وہم ہے کہ اگر وہ نہائے گا تو بیمار پڑجائے گا۔دھول مٹی سے اٹے اس شخص کا کھانا بھی نہایت کراہت آمیز ہے ، یہ مردہ جانوروں کا گوشت کھاتا ہے جبکہ کانٹوں والے چوہے کا گوشت اس کی پسندیدہ خوراک ہے ۔ایرانی میڈیا کے مطابق نوجوانی میں یہ شخص جذباتی دکھوں کا شکار رہا جس کے بعد اس نے تنہائی کی زندگی اپنا لی اور تب سے اب تک یہ دنیا سے کٹا ہوا رہتا ہے ۔چونکہ لوگ اسے سخت ناپسند کرتے ہیں لہٰذا وہ ان سے دور ویران مقامات پر رہتا ہے ، جب اسے اپنے بال کاٹنے کی ضرورت پڑتی ہے تو وہ انہیں آگ سے جلا دیتا ہے ۔موسم سرما میں یہ شخص سردی سے بچنے کیلئے ایک جنگی ہیلمٹ پہنے رکھتا ہے ۔