گلو سے کپ چہرے پر چپکانے والے کا بھیانک انجام
امریکا میں ایک شخص نے تفریحاً ایک کپ گلو کے ساتھ اپنے منہ سے چپکا لیا جس کے بعد اسے ہسپتال جانا پڑا
نیو یارک(نیٹ نیوز)ڈاکٹرز کا ارادہ ہے کہ اس کے چہرے کی جلد کاٹ کر کپ کو اس سے الگ کیا جائے ۔امریکی ریاست لوزیانا میں مارٹن نامی شخص نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ اپنے قریب گوریلا گلو اور ایک ڈسپوزیبل کپ رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ویڈیو بنائیں گے جس میں گلو سے ایک کپ اپنے چہرے پر چپکائیں گے اور تھوک کی مدد سے اسے الگ کردیں گے ۔تاہم جب انہوں نے یہ حرکت کی تو کپ ان کے چہرے سے چپک گیا اور انہیں ہسپتال بھاگنا پڑا۔اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ وہ اس بات پر پچھتا رہے ہیں کہ انہوں نے یہ حرکت کیوں کی، اب ڈاکٹرز اس بات پر غور کر رہے ہیں میرے ہونٹوں کا ذرا سا حصہ کاٹ کر کپ کو الگ کیا جائے ۔