امریکا میں نسلی تعصب کے بعد ’ماحولیاتی تعصب ‘میں اضافہ
امریکا میں مختلف رنگت والے افراد کو نسلی تعصب کے بعد ‘ماحولیاتی تعصب’ کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے
واشنگٹن(نیٹ نیوز )سائنس جریدے نیچر میں شایع ہونے والی ایک نئی تحقیق کے مطابق امریکا میں رہنے والے سیاہ فام افراد کو سفید فام افراد کی نسبت گرمی کی شدت کا زیادہ سامنا ہے ۔اس تحقیق کی سربراہی کرنے والی یونیورسٹی آف نارتھ کیرولینا کی ڈاکٹر انیجل ہسو کا کہنا ہے کہ رنگ دارافراد عموما ً ایسے علاقوں میں رہتے ہیں جہاں سبزہ کم، سڑکیں اورعمارات زیادہ ہیں جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں اضافہ اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ تحقیق کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہری علاقوں میں سیاہ فام افراد کو اوسطا ً 3 اعشاریہ12ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ حرارت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ جب کہ سفید فام افراد 1 اعشاریہ 47سینٹ گریڈ اضافی درجہ حرات کا سامنا کرتے ہیں۔