گھوڑے کی ہنہناہٹ،شور شرابے پر ساڑھے تین سال قید
چند روز قبل روس کے ایک شہری کو ساڑھے تین سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی
ماسکو(نیٹ نیوز)کیونکہ وہ پچھلے دو سال سے شور مچا کر اور گھوڑے کی زوردار ہنہناہٹوں کی آوازوں سے اپنے پڑوسیوں کو پریشان کررہا تھا۔ یوری کوندراتیف نامی 47 سالہ شخص روسی شہر نژنی نوفگورود کا رہائشی ہے جس کے پڑوسی پچھلے دو سال سے اس کے خلاف مقامی تھانے میں شکایات جمع کروا رہے ہیں۔اس کا کہنا ہے کہ دو سال پہلے پڑوسیوں کے بچوں نے شور مچا کر اسے پریشان کیا تھا، جس کا بدلہ لینے کیلئے اس نے یہ راستہ اختیار کیا۔ یوری کوندراتیف بیروزگار ہے اور سرکاری الاؤنس پر اپنا خرچہ پورا کررہا ہے ۔ مصدقہ معلومات کی روشنی میں مقامی عدالت نے رشین کریمنل کوڈ کی دفعہ 117 کے تحت کوندراتیف کو ساڑھے تین سال قید بامشقت سنانے کا اعلان کیا۔اس دفعہ کا تعلق کسی فرد کو ارادی طور پر ذہنی و جسمانی تکلیف میں مبتلا کرنے سے ہے ۔