عالمی نمائش میں ٹیکسٹائل آرڈرز کم ملنے کا انکشاف
بروقت ڈلیوری نہ ہونے سے خریدار بنگلہ دیش، بھارت منتقل ہورہے،جاوید بلوانی
کراچی(بزنس رپورٹر)ہوژری مینوفیکچرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ جاوید بلوانی نے انکشاف کیا کہ جرمنی میں ہونے والی ہیم ٹیکسٹائل نمائش میں پاکستانی ایکسپورٹرز کوکم آرڈرز حاصل ہوئے ہیں۔دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس سال نمائش مین پاکستان کو30 فیصد تک کم آرڈرز ملے، پاکستانی ایکسپورٹرز کو عالمی آرڈرز میں کمی کی بڑی وجہ بروقت ڈلیوری میں مسلسل تاخیر ہے، حالیہ عرصے میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث برآمدی مال کی بروقت ترسیل ممکن نہ ہو سکی جسکے نتیجے میں کئی غیر ملکی خریداروں نے اپنے آرڈرز منسوخ کر دیے یا انہیں پڑوسی ممالک کو منتقل کر دیا ۔ نمائش کے دوران واضح طور پر دیکھا گیا کہ پاکستان کو ملنے والے متعدد آرڈرز بنگلہ دیش، بھارت اور دیگر علاقائی ممالک کو منتقل ہوگئے،اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو پاکستان عالمی ٹیکسٹائل مارکیٹ میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں ناکام ہو سکتا۔