آئن سٹائن کا ایٹم بم سے متعلق خط لاکھوں ڈالر میں نیلام
نیو یارک(نیٹ نیوز) مشہور سائنس دان البرٹ آئن سٹائن کا امریکی صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ کو پہلا ایٹم بم بنانے کے لیے لکھاجانے والا خط 39 لاکھ ڈالر (1 ارب 8 کروڑ 62 لاکھ پاکستانی روپے ) میں نیلام کر دیا گیا۔
کرِسٹیز آکشن ہاؤس کے مطابق منگل 10 ستمبر کو نیلام ہونے والا یہ خط آئن سٹائن کا اصلی خط ہے جو ان کے شاگرد لیو سیلارڈ نے محفوظ کر لیا تھا اور بعد ازاں نادر اشیاء اکٹھا کرنے والے افراد کے پاس موجود رہا۔1939 میں لکھے جانے والے دو صفحات پر مشتمل اس خط میں آئن سٹائن نے امریکی صدر پر نیوکلیئر پروگرام قائم کرنے کے حوالے سے فوری اقدامات کے لیے زور دیتے ہوئے خبردار کیا گیا تھا کہ نازیوں کے پاس بھی ایٹم بم بنانے کی صلاحیت ہوسکتی ہے ۔خط میں کہا گیا تھا کہ یہ چیز قابلِ تصور ہے کہ نئی قسم کے انتہائی طاقتور بم بنائے جا سکتے ہیں۔