ماؤنٹ فیوجی سے برف غائب، 130 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
ٹوکیو(نیٹ نیوز)آج سے نومبر کا آغاز ہو جائے گا لیکن جاپان کے سب سے اونچے اور مشہور پہاڑ فیوجی پر اب بھی برف نہیں ہے۔
جاپان کے محکمۂ موسمیات کے مطابق کہ ماؤنٹ فیوجی پر اب تک برف کی غیر موجودگی کا مطلب ہے کہ اس سال 130 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے ۔جاپانی ماہرِ موسمیات یوتاکا کاتسوتا نے بتایا کہ اس آتش فشاں پر ہر سال 2 اکتوبر سے برف پڑنا شروع ہو جاتی ہے اور پچھلے سال وہاں پہلی برف باری 5 اکتوبر کو ہوئی تھی لیکن موسم گرم ہونے کی وجہ سے رواں سال جاپان کے سب سے اونچے پہاڑ پر ابھی تک کوئی برف باری نہیں ہوئی۔ یوتاکا کاتسوتا نے بتایا کہ اس سے قبل 1955ء میں اور 2016ء میں بھی ماؤنٹ فیوجی پر برف باری دیر سے شروع ہوئی تھی لیکن تب بھی 26 اکتوبر کو پہلی برف باری ہو گئی تھی۔ واضح رہے کہ رواں سال جاپان میں ریکارڈ توڑ گرمی پڑی ہے۔