علامات ظاہر ہونے سے قبل کینسر کی تشخیص کا نیا طریقہ

نیو یارک(نیٹ نیوز)سائنس دانوں نے ایک انتہائی حساس خون کا ٹیسٹ تیار کیا ہے جو کینسر کی ابتدائی علامات ظاہر ہونے سے برسوں قبل کینسر زدہ رسولیوں کی نشان دہی کر سکتا ہے۔
امریکا کی جان ہوپکنز یونیورسٹی کے محققین کو ایک مطالعے میں معلوم ہوا کہ کینسرزدہ رسولیوں کے چھوڑے ہوئے جینیاتی مواد کی خون میں ابتدائی علامات کے ظاہر ہونے سے کافی عرصہ پہلے نشاندہی کی جا سکتی ہے ۔جرنل کینسر ڈِسکوری میں شائع تحقیق میں معلوم ہوا کہ یہ جینیاتی تغیرات کینسر کے سبب ہوتے ہیں اور کچھ مریضوں میں ان کی نشاندہی تین برس پہلے تک کی جاسکتی ہے ۔تحقیق کی شریک مصنفہ یوشوان وینگ کا کہنا تھا کہ علامات ظاہر ہونے سے تین برس قبل اس متعلق معلوم ہونے سے علاج کے لیے وقت میسر آجاتا ہے۔ ٹیومر ابتدائی مرحلے میں ہوتے ہیں اور قابلِ علاج ہوتے ہیں۔