چین،بیروزگار نوجوان والدین کے فل ٹائم ملازم بننے لگے
بیجنگ(نیٹ نیوز)تصور کریں کہ آپ کو ملازمت نہیں مل رہی تو والدین ہی آپ کو اجرت پر 'کل وقتی بچوں یا فل ٹائم چلڈرن' کے طور پر بھرتی کرلیں۔ چین میں بیروز گار نوجوان والدین کے ملازمین بننے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
چین میں فل ٹائم چلڈرن کی اصطلاح سے مراد والدین کا کل وقتی ملازم ہوتا ہے ۔ایسے نوجوانوں کو والدین کی جانب سے ماہانہ تنخواہ ملتی ہے جو ایک سے 5 ہزار یوآن کے درمیان ہوتی ہے ، جس کا انحصار والدین کی پنشن یا آمدنی پر ہوتا ہے ۔تنخواہ کے بدلے میں یہ نوجوان والدین کے ساتھ وقت گزارتے ہیں اور مشکل کام جیسے موبائل ایپس چلانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ایسے نوجوانوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے والدین کی نگہداشت کرنے کے ساتھ انہیں جذباتی سپورٹ فراہم کرتے ہیں اور یہ کام کسی ملازمت سے مختلف نہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ تنخواہوں کے حقدار ہیں۔