چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدیدزرعی ٹیکنالوجی ضروری، ملک رشید

 چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدیدزرعی ٹیکنالوجی ضروری، ملک رشید

بائیوٹیکنالوجی پر تحقیقات کو کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچا کر زرعی انقلاب لایا جا سکتا ہے

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)وزیر مملکت برائے قومی غذائی استحکام اور تحقیق ملک رشید خاں نے کہا ہے کہ جدید رحجانات بشمول بائیوٹیکنالوجی پر مبنی تحقیقات کو کاشتکاروں کی دہلیز تک پہنچا کر زراعت میں انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تین روزہ بائیوٹیکنالوجی کانگریس کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں کیا۔ کانگریس کا انعقاد بائیوٹیکنالوجی سوسائٹی ، مرکز برائے زرعی بائیوکیمسٹری و بائیوٹیکنالوجی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی مسائل جیسے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کو رواج دینا ہو گا۔ ہمیں ایسی زرعی اقسام کو متعارف کروانا ہو گا جو موسمیاتی تبدیلیوں کیخلاف قوت مدافعت کی حامل ہوں ۔ انہوں نے زرعی یونیورسٹی کو پاکستان کی پہلی بائیوٹیکنالوجی سوسائٹی کے قیام پر مبارکباد دی۔ چیئرپرسن پی ایچ ای سی ڈاکٹر اقرار خاں نے کہا کچھ حلقوں میں بائیوٹیکنالوجی کے متعلق غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں جس کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔

اس کانگریس کی سفارشات سے بائیوٹیکنالوجی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار نے کہا موسمیاتی تبدیلیوں سے سیلاب، طوفان اور خشک سالی جیسے عوامل تیزی سے ہو رہے ہیں لہذا ہمیں فصلات کے جینز میں تبدیلی لاتے ہوئے موسمیاتی تبدیلیوں کیخلاف مدافعت پیدا کرنا ہو گی۔ فصلوں پر کیڑے مکوڑوں کے حملوں کے سدباب کیلئے سائنسی بنیادوں پر حل تلاش کرنا ہو گا۔ بائیوٹیکنالوجسٹ مشترکہ کاوشیں عمل میں لاتے ہوئے زرعی خوشحالی کا نیا باب مرتب کریں۔ وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر آصف نے بائیوٹیکنالوجسٹ پر زور دیا کہ وہ زراعت کو منافع بخش کاروبار بنانے میں کردار ادا کریں ۔اس موقع پر ڈائریکٹر نبجی ڈاکٹر نصیر سعید، ڈائریکٹر بائیوٹیکنالوجی ایوب ریسرچ ڈاکٹر قمرشکیل، مرکز برائے اعلیٰ تعلیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سلطان حبیب اللہ ،ڈائریکٹر کیب ڈاکٹر بشریٰ سعدیہ، ڈاکٹر ندا غوری، ڈاکٹر سیانگ ہی تان و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں