شہرکی ترقی کے نئے منصوبوں کیلئے تیار ،ڈی جی ایف ڈی اے

شہرکی ترقی کے نئے منصوبوں کیلئے تیار ،ڈی جی ایف ڈی اے

ایف ڈی اے سٹی کی آباد کاری کیلئے اٹھائے جا رہے ہیں،تاجروں سے خطاب

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے آصف چودھری نے کہا ہے کہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ فیصل آباد کی جامع، منظم اور مربوط ترقی کیلئے فیصل آباد ترقیاتی ادارہ فیصل آباد چیمبر کے تعاون سے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ یا جوائنٹ وینچر ز کے تحت نئے منصوبے شروع کرنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے کہی۔ انہوں نے چیمبر آف کامرس کے صدر فاروق یوسف شیخ کی طرف سے اٹھائے جانے والے مسائل کا ذکر کرتے کہا ایف ڈی اے سٹی اور سپورٹس کمپلیکس کی جلد آباد کاری کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ 75 مربع جات پر مشتمل ایف ڈی اے سٹی سب سے بڑی رہائشی کالونی ہے جس کو 2 حصوں میں مکمل کیا جانا ہے۔

چند سال قبل ہی پہلے مرحلہ میں بجلی کی فراہمی مکمل کی گئی۔ ایف ڈی اے سٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ سپورٹس کمپلیکس گزشتہ پونے دو سال سے سروسز فراہم کر رہا ہے اور اب اسکی توسیع کاماسٹر پلان تیار کر لیا گیا ہے کئی نئی سہولتیں دی جائینگی ،یہاں 25 ایکڑ پر مشتمل نیچرل پارک تعمیر کیا جائے گا جو اپنی نوعیت کا پاکستان میں پہلا منصوبہ ہوگا اس کیلئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں سے بات چیت کرینگے ۔ پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ فاؤنڈیشن سے بھی بات چیت جاری ہے تاکہ ریٹائر ملازمین کو یہاں 400 سے زائد مکمل ہونیوالے پلاٹ فوری الاٹ کئے جا سکیں ،ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ایف ڈی اے سٹی میں دفاتر اور رہائش گاہوں کیلئے 8 سے 9 کینال اراضی خریدی ہے ہے جبکہ ایف بی آر نے بھی 12 کینال کمرشل جگہ لی ہے ۔ یہاں ڈویژنل ماڈل سکو ل کی تعمیر بھی جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں