منشیات فروشی پر سخت کارروائیوں کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل
طلبا و طالبات کو خاص طور پر نشہ کی لعنت سے محفوظ رکھنے کیلئے منشیات فروشوں کا ساتھ دینے والے پولیس افسروں اور ملازمین کیخلاف بھی سخت کارروائیاں ہونگی
فیصل آباد(عبدالباسط سے )پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں اور منشیات کا استعمال کرنے والے افراد کیخلاف سخت کارروائیوں کے حوالے سے خصوصی حکمت عملی تیار کر لی گئی۔ منشیات فروشوں اور منشیات کے عادی افراد کو گرفت میں لینے اور ان کیخلاف سخت قانونی کارروائیوں کیلئے پولیس کی جانب سے خفیہ اور خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں عمل میں لائی جانے سے نا صرف منشیات فروشوں کو لگام ڈالی جا سکے گی، بلکہ ان جرائم پیشہ عناصر کے ہاتھوں اپنا مستقبل تاریک کرنے والے نوجوان خصوصی طور پر طلبا و طالبات ان کا شکار بننے سے محفوظ رہ سکیں گے جبکہ منشیات کے عادی اور منشیات فروشوں کا ساتھ دینے والے پولیس افسروں اور ملازمین کو بھی ان کاروائیوں کے دوران نشان عبرت بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف سخت قانونی کارروائیوں کے حوالے سے خصوصی حکمت عملی تیار کر لی ہے ۔ پولیس کی جانب سے تمام ڈویژنز، سرکلز اور تھانہ جات کی حدود میں خصوصی اور خفیہ پولیس کی ٹیمیں تشکیل دی جائینگی جومختلف ٹیکنیکل اور دیگر ذرائع کو استعمال میں لاتے ہوئے منشیات فروشوں کیخلاف سخت قانونی کارروائیاں کریں گی۔ اس حوالے سے ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس افیسر صاحبزادہ بلال عمر کا کہنا ہے کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں جن کیخلاف پولیس سخت قانونی کارروائیاں کیلئے پولیس مصروف ہے۔
پولیس حکام کے مطابق پولیس کی خفیہ ٹیمیں نا صرف منشیات فروشوں کو اپنی گرفت میں لیں گی، بلکہ منشیات کے عادی افراد کے ذریعے مختلف خفیہ کارروائیاں بھی عمل میں لائینگی۔ خفیہ ٹیموں کی جانب سے منشیات فروشوں اور منشیات کے عادی افراد کیخلاف رپورٹس بنا کر حکام کو ارسال کرنے کے ساتھ ساتھ منشیات کے عادی اور منشیات فروشوں کا مبینہ طور پر ساتھ دینے والے پولیس افسروں اور ملازمین پر بھی کڑی نظر رکھتے ہوئے انکی سرگرمیوں سے متعلق بھی خصوصی رپورٹس حکام کو ارسال کی جائینگی جسکے تحت پولیس حکام کی جانب سے ایسے عناصر کیخلاف بھی سخت قانونی اور محکمانہ کارروائیاں کی جائینگی۔ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمرنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اطراف میں موجود ایسی سرگرمیوں سے متعلق پولیس کو اطلاع دیں، جس پر پولیس کی جانب سے اطلاع کنندہ کا نام خفیہ رکھتے ہوئے شر پسند عناصر کیخلاف سخت قانونی کارروائیاں کی جائینگی تاکہ معاشرے کو منشیات سے پاک اور اس کا شکار بننے والے نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچایاجاسکے ۔