چوری و نوسر بازی کی وارداتیں لاکھوں روپے لو ٹ لئے
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا) تھانہ سٹی کی حدود میں چوری اور نوسر بازی کی متعدد وارداتیں پیش آئیں جن میں نامعلوم چوروں نے لاکھوں روپے نقدی اور ایک گاڑی اڑا لی۔
پہلی واردات آڑھتی غلہ منڈی میں پیش آئی جہاں ملک ذوالفقار علی بنک سے ساڑھے آٹھ لاکھ روپے لے کر نکلے تو بنک میں موجود ایک نوسر باز نے انہیں سٹیڈیم کی جانب لے جا کر اپنے ساتھیوں کی مدد سے نقدی چھین لی۔دوسری واردات گلستان سینما کے قریب ہوئی، جہاں سابق کونسلر ملک تاج محمد سے پانچ لاکھ روپے نقدی چھین کر ملزمان فرار ہو گئے ۔ایک اور واقعے میں نامعلوم چوروں نے سویٹزرلینڈ پلٹ ممتاز خان کے گھر کے سامنے والی گلی میں کھڑی کار چرالی۔شہر میں پے در پے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تاجر برادری میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ انہوں نے آر پی او، سی پی او اور ایس پی جڑانوالہ سے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے وارداتوں پر قابو پانے کا مطالبہ کیا ہے ۔