چنیوٹ: ٹریفک آگاہی کیمپ، ہیلمٹ اور حفاظتی آلات تقسیم
شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں :عائشہ رضوان ، ڈاکٹر نوید عاطف
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر شہریوں کے محفوظ سفر کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں ٹریفک پولیس نے شہر میں ٹریفک آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا۔کیمپ میں ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف اور ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے شہریوں کو ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت سے آگاہ کیا اور ہیلمٹ کے ساتھ ساتھ سائیڈ ویو مررز بھی تقسیم کیے ۔ آگاہی کیمپ کے دوران شہریوں کی موٹر سائیکلوں کی لائٹس کی مرمت بھی کی گئی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ ٹریفک حادثات سے بچا جا سکے ۔ موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ لازمی قرار دیا گیا ہے اور خلاف ورزی پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ سے روکیں تاکہ عمر بھر کے پچھتاوے سے بچا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ سفر کے لیے حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا چاہیے ۔