صوبائی وزیر اقلیتی امور کی کرسمس تقریب میں شرکت ،تحائف تقسیم
کرسمس صرف مذہبی تہوار نہیں بلکہ محبت، رواداری کا پیغام ہے ، رمیش سنگھ اروڑہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)محکمہ اقلیتی امور کے زیر اہتمام کرسمس کی 12 روزہ تقریبات صوبہ بھر میں جوش و خروش سے جاری ہیں۔ انہی تقریبات کے سلسلے میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے آرٹس کونسل کمپلیکس سرگودہا میں منعقدہ خصوصی کرسمس تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران، اقلیتی برادری کے معززین، سیاسی ، سماجی نمائندگان اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر خصوصی بچوں کے لیے الگ سے اہتمام کیا گیا، جہاں صوبائی وزیر اقلیتی امور نے 80 بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ کرسمس صرف ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ محبت، رواداری اور انسانیت کا پیغام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت تھی کہ کرسمس کی خوشیاں خصوصی بچوں اور مستحق افراد کے ساتھ منائی جائیں تاکہ وہ خود کو معاشرے کا برابر کا حصہ محسوس کریں۔