دنیا کی عارضی زندگی غفلت میں مبتلا کر دیتی :مولانا طارق جمیل
مولانا کی معہد الفقیرالاسلامی جھنگ آمد، پیر ذوالفقار احمد کے انتقال پرتعزیت
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )عالمی مبلغِ اسلام مولانا طارق جمیل نے سلسلہ نقشبندی مجددی کے نامور بزرگ حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کی وفات پر ان کے ادارہ معہد الفقیرالاسلامی، جھنگ آمد پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پیر ذوالفقار احمد نقشبندی کے صاحبزادے مولانا حبیب اﷲ نقشبندی اور مولانا سیف اﷲ نقشبندی سے ملاقات کر کے دلی تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔تعزیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل نے فکرِ آخرت کی اہمیت پر جامع اور پُراثر گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی عارضی زندگی ہمیں غفلت میں مبتلا کر دیتی ہے ، جبکہ کامیابی کا اصل راستہ آخرت کی تیاری، اﷲ تعالیٰ کی اطاعت اور رسول اکرم ﷺ کی سنت پر عمل میں ہے ۔ انہوں نے مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندیؒ کی زندگی کو فکرِ آخرت، تزکیہ نفس اور اصلاحِ معاشرہ کی روشن مثال قرار دیا۔مولانا طارق جمیل نے مرحوم کی دینی و ملی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تبلیغِ دین، تربیتِ سالکین، تصنیف و تالیف اور روحانی اصلاح کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔