بلدیاتی ایکٹ کیخلاف دھرنا عوامی شعور کا ثبوت :محبوب الزماں

 بلدیاتی ایکٹ کیخلاف دھرنا عوامی شعور کا ثبوت :محبوب الزماں

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محبوب الزماں بٹ نے کہا ہے کہ پنجاب بلدیاتی ایکٹ کے خلاف ہونے والے کامیاب دھرنے نے ثابت کر دیا ہے کہ پنجاب کے باشعور عوام نے اس کالے قانون کو مسترد کر دیا ہے ۔

 انہوں نے اعلان کیا کہ بلدیاتی اداروں کو اختیارات نہ دئیے جانے کے خلاف 15 جنوری کو ملک بھر میں عوامی ریفرنڈم کرایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے پینل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے گا اور اس کے نتائج سے پوری دنیا کو آگاہ کیا جائے گا۔ عوامی رائے کے ذریعے مینڈیٹ حاصل کرنے کے بعد چاروں صوبائی اسمبلیوں کی جانب مارچ اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے دھرنے دئیے جائیں گے ۔محبوب الزماں بٹ نے واضح کیا کہ بلدیات کا یہ کالا قانون کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور یہ تحریک عوام کے حق اور اختیار کی جدوجہد ہے ، جسے ہر حال میں جاری رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ایکٹ 2025ء میں عوامی نمائندوں کے اختیارات ختم کر کے بیوروکریسی کو بااختیار بنایا گیا ہے ، جو ناقابل قبول ہے ۔ضلعی امیر نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر ضلعی، میٹروپولیٹن اور سٹی کارپوریشنز کو بحال کرے اور پنجاب کے عوام کو بیوروکریسی کے آہنی پنجے سے نجات دلائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں