پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کیلئے پاک چین دوستی ایوارڈ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کو ان کی شاندار خدمات، بصیرت افروز قیادت اور پاکستان و چین کے درمیان مضبوط و پائیدار دوستی کے فروغ میں نمایاں کردار کے اعتراف میں پاک چین دوستی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں پیش کیا۔
ڈاکٹر ذوالفقار علی کی علمی اور تحقیقی خدمات کو نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے ۔ انہیں صدرِ پاکستان کی جانب سے نیشنل لیول ایچ ای سی بیسٹ یونیورسٹی ٹیچر ایوارڈ 2020ء دیا جا چکا ہے ، جبکہ ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان کی جانب سے 2025ء میں اکیڈمک ایکسی لینس ایوارڈ اور پاکستان اکیڈمی آف سائنسز نے 2017ء میں بائیوٹیکنالوجی میں گولڈ میڈل سے نوازا۔پروفیسر ذوالفقار علی نے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں او آئی سی کے ذیلی ادارے برائے غذائی استحکام میں ڈائریکٹر پروگرامز اینڈ پراجیکٹس کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 83 اساتذہ نے چین کی جامعات سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے ، جبکہ 50 سے زائد اساتذہ نے چین میں تربیت اور فیلوشپس مکمل کیں۔چینی شراکت داروں کے تعاون سے یونیورسٹی نے اسمارٹ فارمنگ اور بائیوانرجی کے شعبوں میں 14 مشترکہ تحقیقی منصوبے مکمل کیے اور متعدد مشترکہ لیبارٹریاں قائم کیں۔ کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کو عالمی سطح پر مثالی ادارہ تسلیم کیا گیا، جس نے اب تک 35 ہزار سے زائد طلبہ کو چینی زبان کی تعلیم فراہم کی ہے ۔ڈاکٹر ذوالفقار علی نے ڈورم گندم کی قسم چناب پاستا 24 اور کم گلُوٹن گندم کی قسم چناب ایل جی تیار کیں۔