گرین الیکٹرک بسوں سے سستی سفری سہولیات ملیں گی:حاجی ہاشم
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )تحصیل صدر انجمن تاجران جھنگ اور ممبر ضلعی امن و پرائس کمیٹی حاجی ہاشم علی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے جھنگ کو فراہم کی جانے والی گرین الیکٹرک بسوں پر شہر کی عوام شکر گزار ہے ۔
ان بسوں سے شہریوں کو سستی سفری سہولیات میسر ہوں گی اور طلباء و طالبات اپنے سکول و کالجز مفت جا سکیں گے ۔حاجی ہاشم علی نے ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی قیادت میں شہر میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی کی انتھک محنت کے باعث جھنگ امن کا گہوارہ بنا ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بطور ممبر امن کمیٹی وہ شہر کی ترقی و خوشحالی اور امن و امان کی بحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں اور اس معاملے میں تاجر برادری ان کے شانہ بشانہ ہے ۔ حاجی ہاشم علی نے عزم کا اظہار کیا کہ وہ جھنگ کو ایک مثالی، پرامن اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے رہیں گے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے ۔