نیشنل گیمز 2025:مجاہد شاہ اعزازی سرٹیفکیٹ کے حقدار
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)حکومتِ سندھ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز 2025 میں ڈویژنل پبلک اسکول اینڈ کالج فیصل آباد کے ایتھلیٹکس کوچ مجاہد شاہ نے پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے ایتھلیٹکس مقابلوں میں ٹیکنیکل آفیشل کے فرائض انجام دیئے ۔
ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور نمایاں خدمات کے اعتراف میں حکومتِ سندھ اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے انہیں اعزازی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔اس موقع پر ڈویژنل پبلک اسکول اینڈ کالج فیصل آباد کی معزز پرنسپل عالیہ چٹھہ نے اپنے دفتر میں مجاہد شاہ کو اعزازی سرٹیفکیٹ پیش کیا اور قومی سطح پر ادارے اور صوبے کی نمائندگی کرنے پر ان کی محنت، لگن اور خدمات کو سراہا۔ پرنسپل عالیہ چٹھہ کا کہنا تھا کہ مجاہد شاہ جیسے باصلاحیت کوچز ادارے کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی خدمات نئی نسل کے کھلاڑیوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔