جماعت اسلامی نے جڑانوالہ کو ضلع بناؤ تحریک کا آغاز کردیا
تمام جماعتیں تحریک میں شامل ہو جائیں تاکہ محرومیاں دورہوسکیں، ڈاکٹر سعید
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی رانا عبدالوحید ، امیر تحصیل ڈاکٹر سعید ، باسم سعید صدر جے آئی یوتھ، صدر الخد مت فاؤنڈیشن رانا عتیق الرحمن ایڈووکیٹ، رانا طاہر منج صدر کسان بورڈ،امیر سٹی زاہد حسین ، صدر سیاسی و پبلک ایڈ کمیٹی رانا سلطان محمود خاں سمیت دیگر جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جڑانوالہ کو ضلع بناؤ تحریک کا آغاز کر دیا۔
اس موقع پر انکاکہناتھاکہ جڑانوالہ پنجاب کے 13 اضلاع سے بڑی تحصیل ہے جس کو سیاسی بنیادوں پر نظر انداز کیا جا رہاہے ۔رقبہ اور آبادی کے لحاظ سے تقریبا25لاکھ نفوس پر مشتمل ضلع نہ بننے سے بنیادی حقوق سے محروم ہیں، یونیورسٹی کا قیام نہ ہونا، تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کی اپ گریڈیشن نہ ہونا ،حادثات کی صورت میں ٹراما سنٹر نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ حکومتی جماعت کے نمائندوں اور ان کے وعدوں سابق وزیر اعظم کے جڑانوالہ جلسہ عام میں کیا گیا وعدہ12سال بعد بھی وفا نہ ہو سکا۔
تحریک میں شہر کی کاروباری ، سماجی ، سیاسی ، مذہبی تنظیمیں ہمارے ساتھ کھڑی ہوں تاکہ جڑانوالہ کو جلد ضلع کا درجہ دے کر اس کے باسیوں کو ان کا حق دیا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابا ت نہ ہونے سے لوگوں کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو رہے ۔ ن لیگ کی حکومت جب بھی برسر اقتدار آتی ہے تو بلدیاتی الیکشن نہیں کراتی ۔اس موقع پر شرکا نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا بلاتفرق تمام جماعتیں جڑانوالہ ضلع بناؤ تحریک میں شامل ہو جائیں تاکہ علاقہ کے عوام کی محرومیاں دور ہوسکیں۔