تعلیم ہی متوازن معاشرے کی واحد ضمانت ،وزیراعلیٰ
طلبہ اپنی تعلیم کو صرف ذاتی مفاد کا ذریعہ نہ سمجھیں ،مراد علی شاہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سندھ چیپٹر کے کانووکیشن سے خطاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تعلیم ہی ایک متوازن معاشرے اور مضبوط ریاست کی واحد ضمانت ہے ۔ وہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی (اے آئی او یو) کے سندھ چیپٹر کے 2025 کے کانووکیشن میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے ، جو بحریہ آڈیٹوریم، کارساز، کراچی میں منعقد ہوا۔ گریجویٹس، اساتذہ اور والدین کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ کانووکیشن محض اسناد کی تقسیم نہیں بلکہ صبر، محنت اور امید سے بھرپور ایک طویل فکری سفر کا جشن ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے ایک ایسے تعلیمی ادارے کا تصور پیش کیا جس نے وقت، فاصلے اور حالات کی رکاوٹوں کو توڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اس وژن کی علامت ہے جہاں علم ایک ایسی روشنی ہے جو عام آدمی تک پہنچ کر سماج کی تقدیر بدل دیتی ہے ۔ آج یہ وژن ایک تناور درخت بن چکا ہے جو پاکستان بھر میں لاکھوں طلبہ کو سایہ فراہم کر رہا ہے ۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کو صرف ذاتی مفاد کا ذریعہ نہ سمجھیں بلکہ سماجی انصاف، برداشت اور انسانی وقار کے فروغ کی ذمہ داری کے طور پر لیں۔ انہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اپنے علم کو سماج کی فکری ترقی کے لیے استعمال کرنا چاہیے ۔