شہر کے بڑے ترقیاتی منصوبے فنڈز کے منتظر : کام سست روی کا شکا ر
ریلوے سٹیشن، داتا دربار ،سرکلر روڈ اپ گریڈیشن ،نیلا گنبد و ناصر باغ پارکنگ پلازہ جیسے اہم منصوبوں کیلئے نئے سال کے آغاز پر بھی فنڈز جاری نہ ہوسکے بروقت فنڈز جاری نہ ہوئے تولاگت بڑھنے ،منصوبوں میں مزید تاخیر کاخدشہ ، صورتحال سے شہر کی ترقی پرمنفی اثرات مرتب ہونے کابھی امکان ہے :ماہرین
لاہور (شیخ زین العابدین)سال نو کا آغاز ہو گیا مگر لاہور کے بڑے ترقیاتی منصوبے تاحال فنڈز کے منتظر ہیں۔ریلوے سٹیشن،داتا دربار ری ماڈلنگ اور سرکلر روڈ اپ گریڈیشن جیسے اہم منصوبوں کیلئے اربوں روپے جاری نہ ہو سکے ۔فنڈز کی عدم فراہمی پر شہر کی ترقیاتی رفتار سست ہونے کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے بڑے اور اہم ترقیاتی منصوبے اس وقت فنڈز کی کمی کا شکار ہیں۔ریلوے سٹیشن، داتا دربار ری ماڈلنگ اور سرکلر روڈ اپ گریڈیشن کے منصوبوں کیلئے 9ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔حکومت نے ان منصوبوں کیلئے 9ارب کی منظوری تو دی مگر یہ فنڈز ابتک جاری نہیں کیے جا سکے ۔
فنڈز نہ ملنے سے ریلوے سٹیشن اور سرکلر روڈ اپ گریڈیشن پر جاری ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہو گئے ہیں، جس سے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔دوسری جانب نیلا گنبد پارکنگ پلازہ کیلئے 350ملین روپے جاری کیے جا چکے ہیں تاہم منصوبے کی تکمیل کیلئے مزید 1600 ملین روپے درکار ہیں، جو تاحال جاری نہیں ہو سکے ۔اسی طرح ناصر باغ پارکنگ پلازہ کیلئے 125 ملین روپے تو فراہم کیے گئے مگر مزید 1700ملین روپے ابتک اجرا کے منتظر ہیں۔ریلوے سٹیشن، داتادربار ری ماڈلنگ اور سرکلر روڈ کے منصوبوں پر بظاہر کام جاری ہے لیکن فنڈز کی کمی سے رفتار سست ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت فنڈز جاری نہ ہوئے تو لاگت میں اضافے اور منصوبوں میں مزید تاخیر کا خدشہ بڑھ جائے گا۔شہری ترقی کے یہ بڑے منصوبے کاغذوں سے نکل کر عملی شکل تو اختیار کر چکے ہیں مگر فنڈز کی عدم فراہمی نے انکی رفتار کو روک دیا ہے جس سے لاہور کی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہونے کا بھی امکان ہے ۔