شطرنج کارنر اور اسٹریٹ لائبریری تباہ حالی کا شکار
مرتضیٰ وہاب نے 2022میں کلفٹن پل کے نزدیک اسکا افتتاح کیا شہریوں کو کھلے مقام پر مطالعہ کے مواقع میسر آنے کا دعویٰ کیا گیا تھا
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)متعلقہ حکام کی عدم توجہی کے باعث کلفٹن پل کے نزدیک قائم شطرنج کارنر اور اسٹریٹ لائبریری ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ۔اس وقت کے ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے 14 اگست 2022 کوشطرنج کارنر اور اسٹریٹ لائبریری کا افتتاح کیا تھا ۔مرتضیٰ وہاب نے دعویٰ کیا تھا کہ کلفٹن پل کے نزدیک شطرنج کارنر اور اسٹریٹ لائبریری کا قیام خوش آئند ہے اس سے شہریوں کو کھلے مقام پر بیٹھ کر کتابوں کے مطالعہ کے مواقع میسر آئیں گی اور علم و آگہی کو فروغ حاصل ہوگا، پارکس اور سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ شہریوں کو دیگر سہولیات فراہم کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے ، شہر میں مزید اسٹریٹ لائبریریاں قائم کی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ شہریوں میں مطالعے کا شوق پیدا کرنے کے لئے کراچی کے مختلف مقامات پر اسٹریٹ لائبریریوں کے قیام کو فروغ دیا گیا ہے ، ان لائبریریوں میں قارئین کے لئے کتابیں مفت فراہم کی گئی ہیں اور مختلف موضوعات پر یہاں کتابیں دستیاب ہیں، اسکولوں اور کالجوں کے طلبا و طالبات بھی اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ شطرنج ایک مقبول کھیل ہے جو دماغی صحت کے لئے بھی مفید ہے ،ہمیں ایسے انڈور گیمز کو فروغ دینا چاہئے جس میں خاندان کے دوسرے افراد بھی حصہ لے سکیں،اس طرح کے کارنر، پارکس، کھیل کے میدان اور کھلی جگہیں شہریوں کی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں، جو ادارے اوپن اسپیس، مونومنٹ یا کارنر تعمیر کرنا چاہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی ان کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی۔