پیرا فورس کاسندھیلیانوالی اور گردونواح میں بھرپور آپریشن
صدف ارشاد کی زیرنگرانی تھڑے ، شٹر، اضافی تعمیرات اور ریڑھیاں ہٹا دی گئیں
سندھیلیانوالی (سٹی رپورٹر )پیرا فورس نے بھاری مشینری کے ساتھ سندھیلیانوالی چوک اور گردونواح میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران دکانوں کے سامنے بنائے گئے تھڑے ، شٹر، اضافی تعمیرات اور ریڑھیاں ہٹا دی گئیں ۔ جس سے سڑکیں کشادہ اور آمد و رفت میں واضح بہتری آئی۔پیرا فورس نے آپریشن سے قبل مساجد میں اعلانات کروائے اور دکانداروں کو فرداً فرداً سرکاری جگہ خالی کرنے کی ہدایات دی تھیں۔
تاہم عمل نہ ہونے پر سخت کارروائی کی گئی۔پیرا فورس کی سب ڈویژنل آفیسر صدف ارشاد نے خود سندھیلیانوالی کا دورہ کیا اور تجاوزات کا جائزہ لیا اور آپریشن کی نگرانی کی اور کہا کہ یہ آپریشن شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے ، صفائی اور نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور یہ سلسلہ آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہے گا۔پیرا فورس نے عوام اور دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کے نظام میں بہتری ممکن ہو سکے۔