اے سی کی شوگرملز انتظامیہ ،گنے کے کاشتکاروں سے ملاقات
گنے کے سرکاری ریٹ، خریداری کے طریقہ کار ، ادائیگی امور پر تبادلہ خیال
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر) اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو میر رومان خلیل نے مقامی شوگر ملز کا دورہ کیا اور انتظامیہ اور گنے کے کاشتکاروں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گنے کے سرکاری ریٹ، خریداری کے طریقہ کار اور ادائیگی کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔اسسٹنٹ کمشنر نے کاشتکاروں کے مسائل سنے اور شوگر مل انتظامیہ کو ہدایت دی کہ گنے کی خریداری مقررہ نرخوں کے مطابق کی جائے اور ادائیگی بروقت یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور گنے کی خریداری و ادائیگی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔
میر رومان خلیل نے مزید کہا کہ شوگر ملوں کی کارکردگی اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر نے ریڑھی بازار سنانواں کا دورہ کیا۔ اس دوران صفائی ستھرائی اور نظم و ضبط کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ عوام کو صاف، منظم اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے ۔ دکانداروں اور شہریوں سے بات چیت کے دوران مسائل سنے گئے اور کہا گیا کہ ریڑھی بازار کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا ہے ، اس لیے سرکاری ہدایات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔