ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم کا بیوٹیفکیشن منصوبوں کا جائزہ
ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرور شہید کا اچانک دورہ،ہسپتالوں میں بہتری پر زور
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بیرسٹر بلال سلیم نے شہر میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر قدسیہ ناز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو میر رومان خلیل اور اسسٹنٹ کمشنر چوک سرور شہید جام محمد اسلم بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے شہر کے پارکوں اور دیگر عوامی مقامات کی موجودہ صورتحال کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کوٹ ادو کی دلکش خوبصورتی کے لیے جدید اور پائیدار اقدامات فوری طور پر یقینی بنائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بیوٹیفکیشن کے کاموں میں سبزہ کاری، پھولوں کی شجرکاری، روشنیوں کی خوبصورت تزئین اور صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے تاکہ شہریوں کو پرسکون اور ماحول دوست تفریحی سہولیات میسر آ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کریں گے بلکہ عوام کی صحت، سکون اور خوشحالی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر بیرسٹر بلال سلیم نے رات گئے ٹی ایچ کیو ہسپتال چوک سرور شہید کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی، مختلف وارڈز، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے علاج معالجے سے متعلق معلومات حاصل کیں اور طبی عملے کی حاضری، ڈیوٹی روسٹر اور سروس ڈیلیوری کو بھی چیک کیا۔