ڈی سی خانیوال کا کبیروالا ،جہانیاں کادورہ،بیوٹیفکیشن کا جائزہ
تجاوزات کے خاتمے اور بازاروں کی ری ماڈلنگ تیز کرنے کی ہدایات دیں
خانیوال، جہانیاں (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار، نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید نے بیوٹیفکیشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے کبیروالا شہر کا دورہ کیا اور شہریوں کو شہر کی خوبصورتی میں جلد نمایاں تبدیلی کی نوید سنائی۔ اس موقع پر شہر میں مستقل تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن سے متعلق پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے راجباہ روڈ کی بیوٹیفکیشن، فوڈ اسٹریٹ اور جنرل بس سٹینڈ کی بہتری کے لیے فوری طور پر ڈیزائن تیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ماہنی سیال بائی پاس چوک پر جاری لینڈ اسکیپنگ کے کام کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ شہر کو خوبصورت، منظم اور عوام دوست بنانے کے لیے تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن زین علی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی افتخار بنگش بھی ان کے ہمراہ تھے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے جہانیاں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اللہ داد بازار کا معائنہ کیا اور دکانوں کی ری ماڈلنگ، کارٹ بازار اور فوڈ کورٹ سے متعلق بریفنگ لی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جہانیاں فہد نور، ڈسٹرکٹ آفیسر آئی اینڈ ایس زین علی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اللہ داد بازار کو ایک سٹینڈرڈ مارکیٹ بنایا جائے اور منصوبے پر فوری کام شروع کر کے مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بازار کی ری ماڈلنگ سے دکانوں کی تزئین و آرائش ہوگی اور شہریوں کو بہتر خریداری کا ماحول میسر آئے گا۔