ایف بی آرکے زیر اہتمام کراچی میں ٹیکس آگاہی آؤٹ ریچ سیمینار
سیکرٹری ٹیکس پیئرز سروسز وِنگ عبد الحمید نے رضاکارانہ ٹیکس ادا ئیگی پر پریذنٹیشن دی
اسلام آباد ( دنیا رپورٹ ) چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی ہدایات پر ممبر ٹی پی ایس وِنگ تہمینہ عامر کی نگرانی میں ایف بی آر کے ٹیکس پیئرز سروسز وِنگ نے الرحیم گروپ آف کمپنیز کراچی میں ایک ٹیکس آگاہی آؤٹ ریچ سیمینار منعقد کیاجس کا مقصد ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو فروغ دینا اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ایف بی آر کے وفد میں سیکرٹری ٹیکس پیئرز سروسز وِنگ عبد الحمید ابڑو اور سیکنڈ سیکرٹری ٹیکس پیئرز سروسز وِنگ طارق اسد شامل تھے۔
عبد الحمید ابڑو نے بروقت اور رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کی اہمیت پر ایک جامع پریذنٹیشن دی۔ انہوں نے تمام ٹیکس دہندگان پر زور دیا کہ وہ سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کراتے وقت شفافیت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں ۔ الرحیم گروپ آف کمپنیز کی انتظامیہ نے ٹیکس کے شعبے میں عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے ایف بی آر کی کوششوں کو سراہا۔ ایف بی آر کے افسران نے الرحیم گروپ آف کمپنیز کی انتظامیہ کو سووینئرز پیش کیے ۔