فوڈاتھارٹی : وہاڑی میں 25 ہزار کارروائیاں ، 11 ہزار اصلاحی نوٹسز
حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 2ہزار فوڈ پوائنٹس پر جرمانے عائد، جعل سازی پر 46افراد کیخلاف مقدمات ،79پوائنٹس کی اصلاح تک پروڈکشن بند ،رپورٹ
ملتان (لیڈی رپورٹر)صحت بخش غذا کے فروغ کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہمہ وقت کوشاں، فوڈ اتھارٹی وہاڑی نے گزشتہ سال کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی، بھاری مقدار میں غیر معیاری خوراک تلف، فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سال 2025 میں وہاڑی میں 25 ہزار 786 فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی جبکہ ساڑھے 11 ہزار اصلاحی نوٹسز جاری کئے ۔ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 2000 فوڈ پوائنٹس کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے ۔ جعل سازی اور سنگین خلاف ورزیوں پر 46 افراد کیخلاف ایف آئی آرز، 79 فوڈ یونٹس کی اصلاح تک پروڈکشن بند کی گئی۔ 59 ہزار ساشے ممنوعہ گٹکا، 15 ہزار لٹر ملاوٹی دودھ، 6000 لٹر ناقص مشروبات تلف کی گئیں۔
3 ہزار 800 کلو مضر صحت گوشت، 3600 کلو ناقص اچار، 3300 کلو زائدالمیعاد اشیاء تلف کی گئیں۔ 2 ہزار کلو ملاوٹی مصالحہ جات، 1000 خراب انڈے ، 1250لٹر رینسڈ آئل، 1400 کلو ناقص قلفیاں تلف کی گئیں۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ صحت عامہ کے تحفظ کو یقینی بنانا پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے ۔ گزشتہ سال کی طرح سال نو میں بھی محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے ۔فوڈ اتھارٹی حکام نے شہریوں سے مزید اپیل کی ہے کہ وہ ناقص خوراک کے حوالے سے کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری رابطہ کریں۔