ٹوبہ میں معیاری برانڈز سے معیارِ زندگی بلند ہو رہا، جنید انوار
فرنچائز کے قیام سے مقامی نوجوانوں کوروزگار کے مواقع ملیں گے ، میاں مزمل
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹر کٹ رپورٹر )وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چودھری نے کہا ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ جیسے اضلاع میں معیاری قومی برانڈز کی آمد سے شہریوں کا معیارِ زندگی بلند ہو رہا ہے اور مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔وہ جھنگ روڈ پر انجمن تاجران کے جنرل سیکرٹری میاں مزمل صدیق کی جانب سے قائم کی گئی مقبول کلاتھنگ برانڈ کی فرنچائز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ ایک متحرک اور کاروبار دوست شہر ہے ، یہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، مقامی تاجروں کا کردار قابلِ تحسین ہے جو شہر کی معاشی ترقی میں عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پر میاں مزمل صدیق نے کہا ٹوبہ کے شہری معیاری برانڈز کے منتظر تھے ، اس فرنچائز کے قیام سے نا صرف شہریوں کو سہولت میسر آئے گی بلکہ مقامی نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے، ہمارا مقصد شہر میں مثبت کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے ،افتتاحی تقریب میں سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔