336 ارب روپے کا ٹیکس شارٹ فال لمحہ فکریہ : جے یو آئی رہنما
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جے یو آئی کے مرکزی شوریٰ کے رکن شہباز احمد گجر ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ (جولائی تا دسمبر) میں 336 ارب روپے کا ٹیکس شارٹ فال حکومت کے لیے شدید لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران ٹیکس کلیکشن میں ناکام نظر آ رہے ہیں اور ٹیکس چوری روکنے میں بھی ناکامی واضح ہے ۔شہباز احمد گجر نے جے یو آئی تحصیل احمد پورسیال کے زیر اہتمام ایک تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس وقت مختلف عدالتوں میں ٹیکس کے حوالے سے تقریباً چالیس ہزار کیسز زیر التواء ہیں۔ اگر حکومت فوری طور پر مختلف سطح کی عدالتوں اور ٹربیونلز میں زیر التواء مقدمات نمٹانے کا اہتمام کرے تو تقریباً پانچ ہزار ارب روپے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ حکومت منی بجٹ لانے کی تیاری کر رہی ہے ، جس سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔