تعلیم کا فروغ ترجیح ، وظائف میں اضافہ کر دیا ،عمران شاہ
نوجوان قیمتی اثاثہ ، کوئی طالب علم مالی مجبوری کے باعث تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف میں مزید اضافہ کیا گیا ہے ،حکومت تعلیم تک مساوی رسائی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے ۔ وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، پاکستان بیت المال سکالرشپ جیسے پروگراموں کے ذریعے ، باصلاحیت مگر مالی طور پر کمزور نوجوانوں کے لیے رکاوٹیں دور کر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے ڈائریکٹوریٹ آف فنانشل اسسٹنس اینڈ یونیورسٹی ایڈوانسمنٹ کے زیرِ اہتمام پاکستان بیت المال کے سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، کوئی طالب علم مالی مجبوری کے باعث تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے ۔ اس موقع پر بارانی یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے ایک خصوصی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے سکالرشپ کی کوئی حد مقرر نہیں ہوگی۔ پاکستان بیت المال کو ہدایات جاری کی جائیں گی کہ بارانی یونیورسٹی سے موصول ہونے والی ہر درخواست پر غور کیا جائے تاکہ کوئی بھی مستحق طالب علم پیچھے نہ رہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کے سالانہ وظیفے کی رقم ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ روپے کر دی گئی ہے ۔