فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سہولیات میں اضافہ
2025 میں 9 لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج، 1 ہزار بچوں کی سرجری:کمشنر کو بریفنگ
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (FIC)میں سال 2025کے دوران دل کے امراض میں مبتلا 9لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج معالجہ کیا گیا۔ چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت گذشتہ چھ ماہ میں 1 ہزار بچوں کی ہارٹ سرجری کی گئی جبکہ مریضوں کو گھر کی دہلیز پر ادویات کی فراہمی کے پروگرام کے تحت ایک سال میں 2 لاکھ 50 ہزار مریضوں کو مفت ادویات پہنچائی گئی ہیں۔یہ معلومات کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کو فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورے کے دوران بریفنگ میں دی گئی۔
کمشنر نے ایف آئی سی، الائیڈ ہسپتال I اور الائیڈ ہسپتال II کا ہنگامی دورہ کیا اور انتظامی و طبی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر نے ایف آئی سی کے مختلف وارڈز کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ سی ٹی اینجیو مشین سمیت دیگر ضروری مشینری کی فراہمی کے اقدامات تیز کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات کے تعاون سے 55 کروڑ روپے لاگت سے 280 بیڈز پر مشتمل نئے ایمرجنسی بلاک کی تعمیر کے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔بریفنگ کے دوران کمشنر کو بتایا گیا کہ ہسپتال کو مزید 52 ڈاکٹرز درکار ہیں تاکہ مریضوں کو تیز رفتار علاج معالجہ فراہم کیا جا سکے ۔