2سے 5فروری تک پولیو مہم، ٹیموں کی تر بیت کا جائزہ اجلاس
2سے 5فروری تک پولیو مہم، ٹیموں کی تر بیت کا جائزہ اجلاس پولیو ٹیموں کی غیر حاضری یا ناقص کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی،ڈی سی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی زیر صدارت اجلاس میں رواں سال کی پہلی پولیو مہم کے انتظامات، ٹیموں کی تعیناتی اور تربیتی سیشن کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مہم 2 سے 5 فروری تک جاری رہے گی۔ اجلاس میں پچھلی مہم کے سقم پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ڈی سی کی ہدایت پر ہر یونین کونسل کے لیے مائیکرو پلان تیار کیا گیا ہے تاکہ ہر گھر اور ہر بچے تک پولیو کے قطرے بروقت پہنچ سکیں۔ ڈی سی نے اجلاس میں سختی سے ہدایت دی کہ کسی بھی علاقے میں پولیو ٹیموں کی غیر حاضری یا ناقص کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام ایم اوز، محکمے اور رضاکار مکمل ذمہ داری کے ساتھ اپنے علاقوں میں تعینات ہوں اور ہر بچے تک قطرے پہنچانے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر یونین کونسل میں سو فیصد کوریج لازمی ہے اور کسی بھی کمی کی صورت میں متعلقہ اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیو مہم کے دوران سات لاکھ 9 ہزار 266 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ ضلع کے 167 یونین کونسلز میں 167 ایم اوز جبکہ 612 ایریاز انچارج تعینات کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر 3331 ٹیمیں جن میں موبائل3036, فکسڈ 206اور ٹرانزٹ/ رومنگ 89 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ مہم میں 4 ہزار دو رضاکاروں کے علاوہ 275 تعلیمی محکمے کے عملے ، 18 دیگر محکموں کے اہلکار حصہ لیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے تاکید کی کہ ٹیمیں مائیکرو پلان کے مطابق کام کریں اور ہر بچے کو قطرے پلانے تک مہم جاری رکھی جائے ۔ انہوں نے محکموں اور ٹیموں کو مکمل تعاون، فوری رپورٹنگ اور موثر رابطے کی ہدایات دی تاکہ مہم کامیابی سے مکمل ہو اور پچھلی مہم کی خامیوں کو دہرایا نہ جائے ۔