خانیوال : پی ایچ اے کے قیام کیلئے عملی اقدامات شروع
میونسپل کمیٹی کے متعلقہ اثاثہ جات پی ایچ اے کو ہینڈ اوور کرنے پر مشاورت
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر ضلع خانیوال میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے ) کے قیام کیلئے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ رشید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ٹرانزیشن ٹیم کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی ایچ اے کے قیام، انتظامی امور اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں پی ایچ اے خانیوال شہر کے تمام پارکس اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال، خوبصورتی اور بہتری کی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔ اس مقصد کے لیے میونسپل کمیٹی کے متعلقہ اثاثہ جات پی ایچ اے کو ہینڈ اوور کرنے پر مشاورت کی گئی۔ خالی اسامیوں، ٹیکنیکل اسٹاف اور مشینری کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کو باضابطہ ڈیمانڈ ارسال کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اثاثہ جات کی ہینڈنگ اوور اور ٹیکنگ اوور کا عمل جلد مکمل کرکے آئندہ ہفتے پی ایچ اے کو فعال بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کے قیام سے ضلع میں پارکس اور گرین بیلٹس کی حالت میں نمایاں بہتری آئے گی اور مستقبل میں دیگر تحصیلوں میں بھی دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مصطفیٰ سیہڑ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مظفر خان، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ملتان سعد، ڈسٹرکٹ آفیسر آئی اینڈ ایس زین علی اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی انعم معصوم نے شرکت کی۔