معروف بیکریوں میں ٹیکس چوری کا انکشاف ، ریکوری کیلئے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل
خریداری کے دوران جاری کیے جانیوالے بلوں پر سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبر درج نہیں ہوتا، تصدیق کے بعد ایف بی آ ر نے کارروائی کا فیصلہ کیا ،ابتدائی مرحلے میں 10روز کیلئے خصوصی مانیٹرنگ کی جا رہی
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)معروف برانڈز کی بیکریوں کی جانب سے تیار کردہ مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس کی چوری کا انکشاف سامنے آنے کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) حرکت میں آگیا۔ ٹیکس ریکوری کیلئے فوکل پرسن اور ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو بلال احمد کی نگرانی میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ایف بی آر حکام کے مطابق غلام محمد آباد، سمن آباد، ستیانہ روڈ، سرگودھا روڈ، گلستان کالونی اور جناح کالونی میں قائم معروف بیکری برانڈز کے خلاف عوامی شکایات موصول ہوئیں کہ خریداری کے دوران جاری کیے جانے والے بلوں پر سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبر درج نہیں ہوتا۔ تصدیق کے بعد کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ ابتدائی مرحلے میں 10 روز کیلئے خصوصی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ،ہر بیکری پر انسپکٹر کے عہدے کا افسر اور دو دیگر اہلکاروں پر مشتمل ٹیم تعینات ہوگی۔
ٹیمیں بیکریوں کی روزانہ کی فروخت کا تعین کر کے رپورٹس فوکل پرسن کو ارسال دینگی ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ بیکریوں پر لازم ہے کہ صارفین کو فراہم کیے جانے والے بلوں پر سیلز ٹیکس رجسٹریشن نمبر درج ہو اور بیکری مصنوعات کی تیاری پر لاگو سیلز ٹیکس کی رسید بھی دی جائے ۔ تمام بیکریوں میں پوائنٹ آف سیل (POS) سافٹ ویئر سسٹم نصب کیا جا چکا ہے ،خلاف ورزی کی شکایات پر مانیٹرنگ کا آغاز کیا گیا ہے ۔فروخت کا حتمی تعین ہونے کے بعد چوری شدہ ٹیکس کی ریکوری کے ساتھ ساتھ بیکری مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے جانے کاامکان ہے ۔