امام صاحبان میں پے آرڈرز کی تقسیم کیلئے فوکل پرسن مقرر
پے آرڈرز موصول ہوتے ہی طریقہ کار کے مطابق تقسیم ہونگے ،ڈپٹی کمشنرشوکت علی کی زیر صدارت اجلاس میں انتظامات کا جائزہ،ڈپٹی کمشنرز کی بریفنگ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن شوکت علی کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی انیشیٹو کے تحت مساجد کے امام صاحبان میں پے آرڈرز کی تقسیم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایڈیشنل کمشنرز کوارڈینیشن نے شرکت کی اور الگ الگ بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے بریفنگ دیتے ہو ئے بتایا کہ ضلع سرگودہا میں فیز ون کے تحت 869 امام صاحبان کے لیے پے آرڈرز تیار کیے جا رہے ہیں۔ جیسے ہی پے آرڈرز موصول ہوں گے ، انہیں باعزت اور باوقار طریقے سے وزیراعلیٰ کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق تقسیم کر دیا جائے گا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل بھکر محمد ارشد وٹو نے بتایا کہ ضلع بھکر میں فیز ون کے دوران تقریباً 8 سو امام صاحبان کو وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 25 ہزار روپے فی کس کے پے آرڈرز دیے جائیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر میانوالی اسد عباس نے بتایا کہ ضلع میانوالی میں پہلے مرحلے میں 672 امام صاحبان کو پے آرڈرز دیے جا رہے ہیں جبکہ اب تک 1511 امام صاحبان کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب جہانزیب حسین نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ ضلع خوشاب میں مجموعی طور پر 1015 امام صاحبان رجسٹرڈ ہیں، جن میں سے فیز ون کے تحت 517 امام صاحبان کو پے آرڈرز دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بھی تقسیم کے شفاف اور منظم طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ کمشنر سرگودہا نے ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن رائے محمد یاسر بھٹی کو پے آرڈرز کی تقسیم کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا۔