آبیانہ کی ریکوری مئوثر بنانے سیلاب سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کا حکم

آبیانہ کی ریکوری مئوثر بنانے  سیلاب سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کا حکم

محکمہ انہار سے متعلق اہم اجلاس، حفاظتی بند مضبوط کرنے سمیت تما م ضروری اقدامات مکمل کیے جائیں،فلڈ سیزن سے قبل تمام حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جا ئیں،کمشنر شوکت علی کی ہدایت

سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودہا ڈویژن شوکت علی کی زیر صدارت محکمہ انہار سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں افسران نے محکمے کی مجموعی کارکردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں واٹر ریٹ، زیر تکمیل ترقیاتی کاموں اور ان کے نتائج سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ شہر سے گزرنے والی شمالی نہر کے اطراف بیوٹیفکیشن کے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری ماحول میں بہتری لائی جا سکے ۔ انہوں نے آبیانہ کی ریکوری کو مؤثر بنانے پر زور دیتے ہوئے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو اسیسمنٹ کے عمل میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فلڈ سیزن سے قبل پیشگی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، خصوصاً دریاؤں کے حفاظتی بندوں کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

کمشنر شوکت علی نے واضح ہدایت کی کہ جہاں کہیں بھی کمزور مقامات کی نشاندہی ہو، وہاں فوری طور پر حفاظتی بند مضبوط کرنے اور ضروری اقدامات مکمل کیے جائیں تاکہ فلڈ سیزن سے قبل تمام تر حفاظتی انتظامات مؤثر انداز میں یقینی بنائے جا سکیں۔کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی ناگزیر ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت ناقابل قبول ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق جدید ڈیجیٹل ایپس کے ذریعے کسانوں کو بروقت ادائیگیوں کی ترغیب دی جائے تاکہ شفافیت اور سہولت میں اضافہ ہو۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری انہار پنجاب شاہد زمان لک، چیف انجینئر صداقت لطیف، اے ڈی سی آر سرگودہا فہد محمود، محکمہ انہار کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں