ضلع گجرات: 22 کروڑ 40 لاکھ کے 5 منصوبے منظور

ضلع گجرات: 22 کروڑ 40 لاکھ کے 5 منصوبے منظور

اولڈ جی ٹی روڈ انڈر پاس اپ گریڈیشن ،سڑکوں اور ڈرین نالوں کی تعمیر ہوگی، ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے اجلاس میں بھی 5کیسز کی منظوری

گجرات (نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ضلع میں22کروڑ40 لاکھ کے 5نئے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اولڈ جی ٹی روڈ گجرات کے انڈر پاس سے پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے ، بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن منصوبہ ٹینڈر کے مراحل مکمل ہونے کے بعد 3 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گاجبکہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے دیگر منصوبے تین سے چار ماہ میں مکمل ہونگے ۔منظور شدہ سکیموں میں اولڈ جی ٹی روڈ انڈر پاس کی بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن شامل ہے جس پر 35 ملین روپے ،جی ٹی روڈ سے چناب ریور برج تک سڑک کی بحالی و توسیع منصوبے پر 39.90 ملین ، کھاریاں میں پنڈی سلطان پور سے موہڑی روڈ تک سڑک کی تعمیر پر 48.15 ملین روپے ،تحصیل سرائے عالمگیر کی یونین کونسل منڈی بھلوال میں سٹریٹ اور ڈرین یا نالہ کی تعمیر پر 50 ملین جبکہ گاؤں جگوان سے ڈوئیاں تک سڑک اور نالہ کی تعمیر پر 51.50 ملین روپے خرچ ہونگے ۔

ڈپٹی کمشنرنے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے ۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تصور عباس کلیر و دیگر افسر موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا ، ترقیاتی تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور5کیسز کی منظوری دی گئی جن میں چار کیسز ضلع کونسل گجرات جبکہ ایک کیس میونسپل کمیٹی لالہ موسیٰ سے متعلق تھا۔اجلاس میں سی او ضلع کونسل گجرات ساجد مشرف، سی او میونسپل کمیٹی لالہ موسیٰ نوید اشرف، سی او میونسپل کمیٹی گجرات مشرف بیگ، سی اومیونسپل کمیٹی سرائے عالمگیر عظمت وڑائچ نے شرکت کی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں