لرننگ لائسنس حصول ،سیالکوٹ میں پہلے ماڈل کیبن کا افتتاح

 لرننگ لائسنس حصول ،سیالکوٹ میں پہلے ماڈل کیبن کا افتتاح

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا)وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور رکن صوبائی اسمبلی فیصل اکرام کی ہدایت پر سیالکوٹ کے شہریوں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کو آسان بنانے کیلئے شہر کے مختلف چوکوں اور اہم مقامات پر ماڈل لرننگ لائسنس کیبنز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

 اس سلسلے میں پہلے ماڈل کیبن کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔رکن صوبائی اسمبلی فیصل اکرام نے ڈی پی او فیصل شہزاد کے ہمراہ شہر کے مرکزی مقام پر پہلے ماڈل لرننگ لائسنس کیبن کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی ایس پیز ٹریفک، مقامی حکام اور معززین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔اب شہریوں کو لرننگ لائسنس بنوانے کیلئے پولیس لائنز یا وین جانے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ شہر کے مصروف چوکوں پر موجود ان کیبنز سے موقع پر ہی اپنا لرننگ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے ۔ ان کیبنز پر نا صرف لائسنس جاری کیے جائیں گے بلکہ شہریوں کو ٹریفک قوانین، سڑکوں پر حفاظت کے اصولوں اور اشاروں کی اہمیت بارے بھی بریفنگ دی جائیگی۔ فیصل اکرام نے کہا ان کیبنز کے قیام سے نوجوانوں اور خصوصاً طلبہ کو قانونی طور پر ڈرائیونگ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا ٹریفک پولیس سیالکوٹ شہریوں کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔ شہر کے دیگر اہم پوائنٹس پر بھی اسی طرز کے کیبنز جلد فعال کر دیئے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں