معذور افراد بارے سماجی رویے بہترکرنا ہونگے : عثمان طاہر

 معذور افراد بارے سماجی رویے بہترکرنا ہونگے : عثمان طاہر

حکومت معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلاب جیسی قدرتی آفت کے دوران سیلاب زدگان کی ہنگامی امداد اور بحالی کے لیے غیر سرکاری تنظیمیں ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں، جس کی وجہ سے سیلاب زدگان کے دکھوں کے مداوا میں کافی مدد ملی۔ان کا کہنا تھا کہ معذور افراد کے بارے میں سماجی رویوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور مظفرگڑھ کی ضلعی انتظامیہ، پنجاب حکومت کی ہدایات کی روشنی میں، معذور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے دوآبہ فاؤنڈیشن اور سی بی ایم کے تعاون سے نجی ہوٹل میں افراد باہم معذوری کی شمولیت پر مبنی آفات کے خطرات میں کمی کا منصوبہ کے عنوان سے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے معذور افراد کو معاشرے کا متحرک حصہ بنانے اور انہیں باعزت مقام دلانے کے لیے ہمت کارڈ سکیم، نوکریوں کی فراہمی سمیت کئی منصوبے شروع کیے ہیں، جنہیں محکمہ سوشل ویلفیئر کے ذریعے کامیابی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

تقریب میں شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے فاؤنڈیشن کے منیجر جاوید اقبال، ڈپٹی منیجر محمد بلال اور پراجیکٹ کوآرڈی نیٹر شازیہ سرور نے کہا کہ 2025ء کے سیلاب کے دوران دوآبہ فاؤنڈیشن نے سی بی ایم کے تعاون سے معذور افراد کی معاونت کو یقینی بنایا اور نہ صرف انھیں سیلاب زدہ علاقوں سے محفوظ انخلاء میں مدد فراہم کی بلکہ ایسے افراد اور ان کے خاندانوں کی بحالی کے لیے مظفرگڑھ کی ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا گیا، جس کے باعث آفت سے ہونے والے نقصانات میں کمی واقع ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں