کراچی بار کے انتخابات میں التوا سے متعلق دائر درخواست مسترد
ایسے تنازعات کیلئے فورمز موجود، دائرہ اختیار استعمال نہیں کرنا چاہئے ، سندھ ہائیکورٹ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں التوا سے متعلق دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بار ایسوسی ایشن کے انتخابی تنازعات حل کیلئے متعلقہ فورمز موجود ہیں، ایسے معاملات میں رِٹ دائرہ اختیار استعمال نہیں کیا جانا چاہیے ۔درخواست گزار ممتاز تنولی ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کیلئے کوئی قانونی اقدامات نہیں کئے گئے جبکہ سندھ بار کونسل کے دو ارکان کا کراچی بار کے انتخابات میں حصہ لینا مفادات سے ٹکراؤ کے مترادف ہے ۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ کراچی بار کی مدت ختم ہونے کے باوجود سندھ بار کونسل نے عبوری طور پر بار کے انتظامات اپنے ہاتھ میں نہیں لیے ۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ کراچی بارایسوسی ایشن اور سندھ بار کونسل دونوں خودمختار ادارے ہیں اور ان کے معاملات کیلئے قانون میں واضح فورمز فراہم کیے گئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ جہاں تنازعات کے حل کیلئے متبادل فورمز موجود ہوں وہاں آئینی رِٹ دائرہ اختیار کو استعمال نہیں کیا جانا چاہیے ۔ عدالت نے مزید قرار دیا کہ درخواست گزار کسی انفرادی فرد کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ثابت کرنے میں ناکام رہے ہیں، جبکہ مدت کے باوجود اختیارات کے استعمال یا غیر شفاف انتخابات سے متعلق تنازعات کیلئے بھی متعلقہ فورمز دستیاب ہیں۔