مریم نواز ہیلتھ کلینکس کی کڑی نگرانی کی جا رہی : ڈپٹی کمشنر
علاج معالجہ میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی: ملیحہ رشید
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے مریم نواز ہیلتھ کلینکس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اچانک دوروں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر مریم نواز ہیلتھ کلینک چک 88 دس آر خانیوال پہنچیں اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری، دستیاب ادویات کی فراہمی اور صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر مریضوں کی آمد کا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا اور سروس ڈیلیوری کے حوالے سے عملے سے معلومات حاصل کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے کہا کہ دیہی علاقوں میں قائم سرکاری ہسپتالوں اور مریم نواز ہیلتھ کلینکس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مریضوں کے علاج معالجہ میں کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ مریضوں کو دی جانے والی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور عملے کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔