اراضی ریکارڈ سنٹر میں شفافیت کا ہدف، زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ
سائلین کی فائلیں فوری نمٹانے ، ریکارڈ سنٹرز میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی ہدایت، کمشنرکاشجاعبادآفس کادورہ ،سائلین سے گفت گو،دمدمہ کے عقب میں کیفے کی تجویز پر غور
ملتان،سکندر آباد (وقائع نگار خصوصی،نامہ نگار )کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے شجاعباد کا تفصیلی دورہ کیا اور عوامی سہولیات کے ساتھ شہری خوبصورتی کے جاری و مجوزہ منصوبوں کا جامع جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی، ادارہ جاتی نظم و ضبط اور شہر کے مجموعی حسن میں بہتری لانا تھا۔کمشنر ملتان نے اراضی ریکارڈ مراکز کا دورہ کرتے ہوئے سائلین کی سہولت کیلئے قانون گوئی کی واضح نشاندہی کے احکامات دیئے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ دونوں اراضی ریکارڈ مراکز میں نمایاں طور پر تحریری آگاہی آویزاں کی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ اس موقع پر انہوں نے ڈی جی پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سے رابطہ کر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ کی تعیناتی کے بارے میں بھی بات چیت کی۔کمشنر عامر کریم خاں نے اراضی ریکارڈ مرکز میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اینٹیں، ملبہ اور فٹ پاتھ ٹائلیں فوری طور پر ہٹانے کے احکامات جاری کئے۔
انہوں نے سائلین سے ملاقات کی اور سروس کی رفتار اور مسائل کے بارے میں براہِ راست گفتگو کی۔کمشنر ملتان نے واضح کیا کہ لینڈ ریکارڈ مراکز میں بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی غیرقانونی وصولی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ عامر کریم خاں نے میونسپل لائبریری کا دورہ کیا اور لائبریری کے برآمدے میں جدید ریڈنگ کیفے قائم کرنے کی منفرد تجویز پیش کی۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ اس تصور کو عملی جامہ پہنانے کے لئے فوری طور پر جامع پلان مرتب کیا جائے۔
کمشنر ملتان نے بنگلہ پارک شجاع آباد کا دورہ کرتے ہوئے تحصیل کے واحد عوامی پارک کی حالت پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور فوارہ فوری طور پر فعال کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے درختوں کے نیچے روشنیوں کی تنصیب، ٹوٹی اشیاء کی مرمت، مناسب کوڑا دان رکھنے ، پھولوں کی کیاریوں اور مستقل سبزہ کاری کے احکامات دیئے ۔ عامر کریم خاں نے گھنٹہ گھر روڈ کا دورہ کیا اور سڑک کے درمیان تعمیر ہونے والے مرکزی ڈیوائڈر پر جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔