انڈسٹریز کی شہر سے منتقلی اور 150 میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تنصیب ، سکیمیں آئندہ بجٹ کا حصہ ہو نگی
کمشنرکی زیرصدارت ڈویژنل انوائرمنٹل اپروول کمیٹی کا اجلاس ، آلودگی کا موجب بننے والی انڈسٹریز کی شہر سے باہر منتقلی، پولٹری ویسٹ کو ٹھکانے لگانے ،واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بارے فیصلے
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈویژنل انتظامیہ نے انڈسٹریز کو شہر سے باہر منتقل کرنے ،پولٹری ویسٹ کو ٹھکانے یا بروئے کار لانے اور150 انڈسٹریز میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کرانے کے حوالے سے اہم سکیمیں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں شامل کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ا س حوالے سے تفصیلات کے مطابق کمشنر فیصل آباد ڈویژن راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت ڈویژنل انوائرمنٹل اپروول کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ فضائی،شور اور پانی کی آلودگی کا موجب بننے والی انڈسٹریز کو شہر سے باہر منتقل کرایا جائے گا۔علاوہ ازیں بیماریوں کا باعث بننے والی پولٹری ویسٹ کو مناسب انداز میں ٹھکانے لگانے یا بروئے کارلانے کیلئے میکنزم وضع کیا جارہا ہے۔
اسی طرح ویسٹ واٹر براہ راست ڈرینز میں چھوڑنے والی انڈسٹریز کو آسان قرضہ سکیم کے تحت ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ نصب کرانے کیلئے پراجیکٹس آئندہ مالی سال میں بجٹ میں شامل کرانے کیلئے اقدامات تیز کردیئے گئے ۔ کمشنر نے بتایا کہ مذکورہ اقدامات سے انڈسٹریل شہر کے مسائل نا صرف حل ہونگے بلکہ شہریوں کوخطرناک بیماریوں سے بچاؤ بھی ممکن ہوگا۔اجلاس کے دوران زمینی حقائق کے مطابق پولٹری فار مز کے قیام سے متعلق 6کیسز پر عملدرآمد کی منظوری بھی دی گئی۔