فیصل آباد پولیس سنگین جرائم کے اشتہاریوں کو پکڑنے میں ناکام تعداد 13ہزار سے تجاوز کر گئی

فیصل آباد پولیس سنگین جرائم کے اشتہاریوں کو پکڑنے میں ناکام تعداد 13ہزار سے تجاوز کر گئی

کاغذی کارروائیاں پوری کرنے کیلئے اشتہاریوں کے اہلخانہ یا قریبی افراد کو حراست میں لیکررپورٹس ارسال ، خطرناک ملزم نہ پکڑے جانے سے وارداتوں میں اضافہ ،شہری بھی خوفزدہ

فیصل آباد(عبدالباسط سے )فیصل آباد پولیس ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغوا، تاوان، قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں اشتہاری ملزموں کی پکڑ دھکڑ میں ناکام،مؤثر کارروائیاں نہ کرنے سے پولیس کو مطلوب اور مفرور خطرناک اشتہاریوں کی تعداد 13 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی جس سے ناصرف وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ یہ خطرناک اشتہاری شہریوں کیلئے بھی خوف کی علامت بنے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے ان جرائم پیشہ اور انتہائی مطلوب خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے جدید طریقہ کار اپنانے کی بجائے قدیم طریقوں کو اپناتے ہوئے انکے گھروں پر محض کاغذی کارروائیاں پوری کرنے کیلئے چھاپے ماکر انکے اہلخانہ یا دیگر قریبی افراد کو حراست میں لیکر مقدمات کا اندراج کروا کر حکام کو رپورٹس ارسال کر دی جاتی ہیں۔

حقیقی معنوں میں اشتہاری پولیس کی گرفت میں نہیں آتے جو جرائم میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پولیس اگر روایتی طریقہ کار اپنانے کی بجائے انتہائی مطلوب خطرناک اشتہاری ملزموں کے بینک اکاؤنٹس اور شناختی کارڈز کو بلاک کرواکر ٹریس کرنے کی کوشش کرے توو ہ گرفت میں آسکتے ہیں جبکہ سٹی پولیس آفیسر بلال عمر کے مطابق خطرناک اشتہاریوں سمیت دیگر جرائم پیشہ عناصر کی پکڑ دھکڑ اور جرائم کی وارداتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس ہمہ وقت مصروف ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں